اویس ضیاء کی 92 رنز کی اننگز نے بلوچستان کو کامیابی دلادی



راولپنڈی، 10 اکتوبر 2020ء:

بلوچستان نے اوپنر اویس ضیاء کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ملتان کی شکست بدلہ چکا دیا۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے 155 رنز کا ہدف 20 گیندیں قبل باآسانی 4 وکٹوں کےنقصان پر حاصل کرلیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے لیگ میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ہفتے کے روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں اویس ضیاء نے 49 گیندوں پر92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ میچ میں ایک لمحہ ایسا بھی تھا جب بلوچستان کی ابتدائی 4 وکٹیں محض 68 رنز پر گرچکی تھیں، اس موقع پر اوپنر اویس ضیاء نے ا کبر الرحمٰن کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کی۔ اکبرالرحمٰن 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہین آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ 27 رنز پر ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد خیبرپختونخوا کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی تو تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک کریز پر پہنچے۔ انہوں نے 44 گیندوں پر 74 رنزکی اننگز کھیلی۔ اس اننگز کی خاص بات شعیب ملک کے ٹی ٹونٹی کرکٹ فارمیٹ میں دس ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنا تھا۔ وہ پاکستان کے پہلے اور دنیا کے تیسرے بیٹسمین ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

شعیب ملک نے فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان کے ساتھ بالترتیب 38 اور 69 رنز کی شراکت قائم کی۔فخر زمان 33 اور صاحبزادہ فرحان 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ بلوچستان کے عاکف جاوید نے2 وکٹیں حاصل کیں۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر اویس ضیاء نے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ نے انہیں میچ کے آخر تک کریز پر رکنے کی ہدایت کی تھی، جس پرعمل کرنے کی کوشش کی۔ اویس ضیاء نے مزید کہا کہ گزشتہ چند میچوں میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے کے باوجود ٹیم منیجمنٹ اور کپتان نے بہت حوصلہ افزائی کی جس سے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

بائیں ہاتھ کے اوپنر نے کہا کہ بلاشبہ شاہین شاہ آفریدی بہترین باؤلر ہیں، ان کے خلاف رنز بنانا آسان نہیں تھا مگر انہوں نے مناسب حکمت عملی کے ساتھ بیٹنگ کی جس کا ثمر بلوچستان کی جیت کی صورت میں ملا۔

More Cricket News

Wasim Akram Leads Pakistan’s NFT Revolution

Red Bull Campus Cricket to serve as Talent Hunt program for Peshawar Zalmi

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

PINK PAKISTAN LAUNCHES ITS FIRST EVER MOBILE APP IN PAKISTAN TO COMBAT BREAST CANCER

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے