عماد وسیم کے شاندار آخری اوور نے ناردرن کو سیمی فائنل میں پہنچادیا



راولپنڈی، 11 اکتوبر 2020ء:

ناردرن نے کپتان عماد وسیم کے شاندار آخری اوور اور فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی تیز رفتار باؤلنگ کی بدولت سدرن پنجاب کو 5 رنز سے شکست دے دی۔ ایونٹ میں چھٹی کامیابی کے ساتھ 12 پوائنٹس حاصل کرنے والی دفاعی چیمپئن ناردرن کی ٹیم نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ دوسری طرف سدرن پنجاب کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے لو اسکورننگ میچ میں سدرن پنجاب کی ٹیم 146 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز ہی بناسکی۔ سدرن پنجاب کو آخری اوور میں جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے تاہم کپتان عماد وسیم نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے نہ صرف 10 رنز دئیے بلکہ 1 وکٹ بھی حاصل کی۔

اُدھر چھبیس سالہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے 23 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ وہ اب تک چھ میچوں میں 14 وکٹیں حاصل کرکے ایونٹ کے دوسرے بہترین باؤلر ہیں۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر موجود شاہین آفریدی نے 5 میچوں میں 14 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

سدرن پنجاب کےعامر یامین نے اننگز کے 18ویں اوور میں حارث رؤف کو مسلسل 3 گیندوں پر 3 چوکے لگا کر میچ کو دلچسپ بنایا مگر وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے۔ وہ 19 گیندوں پر 33 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ خوشدل شاہ 26 اور ذیشان اشرف25 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کے باؤلرز نے بہتر لائن اور لینتھ پر باؤلنگ کی،جس کی وجہ سے ناردرن کے بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔ سہیل اختر 35 اور آصف علی 28 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ محمد الیاس اور حسین طلعت نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

More Cricket News

Wasim Akram Leads Pakistan’s NFT Revolution

Red Bull Campus Cricket to serve as Talent Hunt program for Peshawar Zalmi

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

PINK PAKISTAN LAUNCHES ITS FIRST EVER MOBILE APP IN PAKISTAN TO COMBAT BREAST CANCER

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے