خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو73 رنز سے ہرادیا




راولپنڈی، 12 اکتوبر 2020ء:

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے اکیسویں میچ میں فخر زمان کی نصف سنچری اور مصدق احمد کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 73رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ ایونٹ میں پانچویں کامیابی نے خیبرپختونخوا کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن کردئیے ہیں جبکہ ایونٹ کے 7 میں سے 6 میچز ہارنےکے بعد سدرن پنجاب کے لیے فائنل فور میں جگہ بنانا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں 206 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم132 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔آلراؤنڈر محمد عمران 48 رنز بناکر سب سے نمایاں رہے۔ انہوں نے 28 گیندوں پر 6 چوکے اور2 چھکے لگائے۔ سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کی بدولت فرسٹ الیون اسکواڈ میں جگہ بنانے والے زین عباس 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا کے پانچ کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی نہ پہنچ سکے۔ خیبرپختونخوا کےجنید خان نے 2، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، ارشد اقبال،مصدق احمد، شعیب ملک اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو خیبرپختونخوا کے اوپنر فخر زمان نے 34 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے۔ کپتان محمد رضوان کے 12 رنز پر پویلین واپس لوٹنے پر بائیں ہاتھ کے اوپنر نے محمد حفیظ کے ہمراہ 71 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد حفیظ 17 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔

اننگز کے اختتامی اوورز میں مصدق احمد نے 9 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سےناٹ آؤٹ 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 200 کے پار پہنچانے میں مدد کی۔ انہوں نے شعیب ملک کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 43 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔شعیب ملک بھی 33 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔سدرن پنجاب کے عامر یامین اور محمد الیاس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے فخر زمان کاکہنا ہے کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ بیٹسمین کے ساتھ ساتھ باؤلرز دونوں کے لیے سازگار ہے، جو شعبہ بھی محنت کرتا ہے اسے اس پچ سے مدد ملنا شروع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے آج کے میچ میں بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا، امید ہے کہ ایونٹ کے بقیہ میچوں میں یہ تسلسل برقرار رہے گا۔

More Cricket News

Wasim Akram Leads Pakistan’s NFT Revolution

Red Bull Campus Cricket to serve as Talent Hunt program for Peshawar Zalmi

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

PINK PAKISTAN LAUNCHES ITS FIRST EVER MOBILE APP IN PAKISTAN TO COMBAT BREAST CANCER

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے