کرک کا 19 سالہ دکاندار عاکف جاوید دنیا کا تیز ترین باؤلر بننے کا خواہشمند



اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل 19 سالہ فاسٹ باؤلر عاکف جاوید کا تعلق خیبرپختونخوا کے شہر کرک سے ہے۔ پشاور سے 130 کلومیٹر دور واقع کرک، ایک پسماندہ علاقہ ہے مگر یہاں کرکٹ کے دلدادہ نوجوان، وسیع و عریض میدانوں میں کرکٹ کھیلتے دیکھائی دیتے ہیں۔ ایسے ہی ایک نوجوان عاکف جاوید کی محنت اور لگن انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور لے آئی ہے جہاں وہ بنگلہ دیش میں شیڈول ٹورنامنٹ میں حریف ٹیموں کو زیر کرنے کے لیے سخت محنت کررہے ہیں۔

نامساعد حالات میں محنت کو اپنا اشعار بنانے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر عاکف جاوید اپنے والد کے ہمراہ ایک دکان پر کام کرتے تھے مگر کھیل کی محبت انہیں اپنی طرف کھینچ لائی۔ نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق ایک متوسط خاندان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کی تنگ دستی کے باعث انہوں نے چھوٹی عمر میں ہی والد کے ساتھ دکان پر بیٹھنا شروع کردیا تھا مگر اس دوران بھی ان کی توجہ کھیل کی طرف ہی ہوتی تھی۔ نوجوان کرکٹر نے کہا کہ وہ شام کو محلے کے بچوں کے ساتھ ٹیپ بال کرکٹ کھیلنے کے لیے گراؤنڈ کا رخ کرتے تھے تاہم دوستوں کی خواہش پر گذشتہ سال ہارڈ بال کرکٹ کا آغاز کیا۔

عاکف جاوید نے کہا کہ انہیں کرکٹ کا جنون ٹیلی ویژن پر شعیب اختر کی تیز رفتار باؤلنگ دیکھ کر پیدا ہوا۔ وہ دنیا کے تیزترین باؤلر بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ نوجوان فاسٹ باؤلر نے قومی ٹی ٹونٹی کپ 2019 میں بلوچستان کی نمائندگی کی۔ ایونٹ کے 7 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ باؤلر عاکف جاوید نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ کی وکٹ حاصل کرنا ان کے لیے یادگار لمحہ تھا۔ ایونٹ کے دوران ایک میچ میں 16 رنز کے عوض 3 شکار کرنا عاکف جاوید کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بہترین باؤلنگ ہے۔

12 سے 23 نومبر تک بنگلہ دیش میں شیڈول اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی قومی ایمرجنگ ٹیم میں شمولیت پر عاکف جاوید کو سب سے پہلے ان کی والدہ نے مبارکباد دی۔ عاکف جاوید کے مطابق اسکواڈ میں نام آنے پر ان کی والدہ بہت خوش اور ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ عاکف جاوید نےکہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں میں فاسٹ باؤلر محمد عامران کے پسندیدہ کرکٹر ہیں اور وہ ان کی طرح گیند کی رفتار کے ساتھ ساتھ سوئنگ پر بھی مکمل عبور حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

این سی اےریموٹ ایریاز پروگرام 2018 میں اوپن ٹرائلز کے دوران اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عاکف جاوید اس سے قبل بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تربیت حاصل کرچکے ہیں۔ 19 سالہ فاسٹ باؤلر نےگیند کی رفتار میں تیزی اور اپنی صلاحیتوں میں نکھار کے لیے این سی اے کوچز کی زیرنگرانی بھرپور محنت کی۔ عاکف جاوید کا کہنا ہے کہ کرک سے لاہور پر مشتمل ان کے سفر میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا اہم کردار ہے۔ ریموٹ ایریاز پروگرام میں این سی اے کوچز نے انہیں فٹنس اور باؤلنگ سے متعلق مفید ٹپس دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرامز سے پاکستان کو کئی نامور کرکٹرز مل سکتے ہیں۔

عاکف جاوید کا تعلق ان چند کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے محدود عرصہ میں اپنی صلاحیتوں سے سلیکٹرز کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی۔ فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ انہیں کھیل سے جنون کی حد تک لگاؤ ہے۔ یہ جنون ہی تھا جس کے باعث ٹیپ بال کرکٹ سے روکنے والے اہلخانہ آج ان کی قومی ایمرجنگ ٹیم میں شمولیت پر مسرور ہیں۔

قومی ٹی ٹونٹی کپ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرباصلاحیت نوجوان کرکٹر کو قومی ایمرجنگ ٹیم میں شامل کیا گیا۔ عاکف جاوید کےعلاوہ محمد حسنین، ثمین گل اور عماد بٹ فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اسکواڈ:

سعود شکیل (کپتان)، روحیل نذیر (نائب کپتان)(وکٹ کیپر)، حیدر علی، عمیر بن یوسف، حسن محسن، خوشدل شاہ، سیف بدر، عمران رفیق، محمد محسن، عاکف جاوید، محمد حسنین، ثمین گل، عماد بٹ، محمد اسداور عمر خان۔

ریزرو:

حسین طلعت، عادل امین، محمد حارث اور عامر علی ۔

ٹیم منیجمنٹ:

اعجاز احمد (منیجرکم ہیڈ کوچ)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) اور یونس بٹ (سیکورٹی منیجر)۔

شیڈول:

14نومبر: پاکستان بمقابلہ افغانستان
16نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا
18نومبر: پاکستان بمقابلہ اومان
20نومبر: پہلا سیمی فائنل
21نومبر: دوسرا سیمی فائنل
23نومبر: فائنل

More Cricket News

Wasim Akram Leads Pakistan’s NFT Revolution

Red Bull Campus Cricket to serve as Talent Hunt program for Peshawar Zalmi

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

PINK PAKISTAN LAUNCHES ITS FIRST EVER MOBILE APP IN PAKISTAN TO COMBAT BREAST CANCER

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے