پاکستان سپر لیگ کی تاریخ اور دلچسپ ریکارڈز

پاکستان سپرلیگ تاریخ کے آئینے میں ۔۔۔ !

پاکستان سپرلیگ کا آغاز دوہزار سولہ میں ہوا اور جب سے ہر سال لیگ کا انعقاد کامیابی سے ہورہا ہے۔ پی ایس ایل کے ہر سیزن میں کامیابی نے لیگ کو دنیا کی بہترین کرکٹ لیگ میں سے ایک بنادیا۔ پی ایس ایل کے چاروں میں سیزن میں کئی ریکارڈ بھی بن چکے ہیں۔ اور کئی ٹیموں نے اعزازات بھی حاصل کئے ہیں۔

چیمپیئن

پاکستان سپرلیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم سب سے زیادہ مرتبہ ٹائیٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 2 مرتبہ پی ایس ایل چیمپیئن بن چکی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے ایک ایک مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائیٹل اپنے نام کیا ہے۔

کامیاب ترین ٹیم

پی ایس ایل کےچاروں سیزن کی مجموعی کارکردگی پر نظرڈالی جائےتو سرفرازاحمد کی کپتانی میں کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سب سے کامیاب رہی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لیگ کے 43 میچز میں سے 26 میں کامیابی حاصل کی اور 16 میچز میں انہیں شکست ہوئی۔ 1 میچ بےنتیجہ بھی رہا۔ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت کا تناسب 61.90 فیصد ہے۔

ناکام ترین ٹیم

پاکستان سپرلیگ کی سب سے ناکام ٹیم لاہور قلندرز رہی ہے۔ پی ایس ایل کےچاروں سیزن میں لاہور قلندرز نے اپنے سفرکا اختتام سب سے آخری پوزیشن پر کیا۔ لاہور قلندرز نے لیگ کے 36 میچز میں صرف 10 جیتے ہیں اور 24 میں انہیں شکست ہوئی ہے۔ لاہور قلندرز کے دو میچ ٹائی بھی ہوئے۔ اور میچ ٹائی ہونے کےبعد سپر اوور میں ایک مرتبہ لاہور قلندرز کامیاب رہی اور ایک مرتبہ شکست ہوئی۔ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی جیت کا تناسب 30.55 فیصد رہا ہے۔

بہترین اسکور

پاکستان سپرلیگ میں سب سے بڑا مجموعہ بنانے کا اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کو حاصل ہے۔ دوہزار انیس کے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے مقام پر لاہور قلندرز کے خلاف لیگ کا سب سے بڑا اسکور بنایا تھا۔ جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 3 وکٹوں پر 238 رنزبنائےتھے۔

کم ترین اسکور

پاکستان سپرلیگ کی سب سے ناکام رہنے والی ٹیم لاہور قلندرز کے نام پر لیگ کا سب سے کم ترین اسکور کرنے کا منفی ریکارڈبھی ہے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم دوہزارسترہ کے ایڈیشن میں پشاور زلمی کےخلاف دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں صرف 59 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی جو لیگ کی تاریخ کا کم ترین اسکور ہے۔

بہترین بیٹسمین

پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے کامران اکمل پاکستان سپرلیگ کے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے ہیں۔ کامران اکمل نے پی ایس ایل کے 47 میچز میں 1286 رنزبنائے ہیں۔ انکا بہترین اسکور 107 رنز کی ناقابل شکست اننگزہے۔ پی ایس ایل میں کامران اکمل کی بیٹنگ اوسط 29.22 کی ہے۔ کامران اکمل کو پی ایس ایل میں 2 سینچریاں اور 9 نصف سینچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

سب سے زیادہ چھکےلگانےوالا بیٹسمین

پی ایس ایل کے سب سے کامیاب ترین بیٹسمین کامران اکمل کو لیگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ پشاور زلمی کے کامران اکمل نے لیگ کےچاروں سیزن میں مجموعی طور پر 67 چھکے لگائے ہیں

سینچری بنانے والے بیٹسمین

پاکستان سپرلیگ میں پشاور زلمی کے کامران اکمل واحد بیٹسمین ہیں ۔ جنہیں 2 مرتبہ سینچری کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان سپرلیگ میں سب سے پہلی سینچری اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے شرجیل خان نے 2016 کے ایڈیشن میں بنائی تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈکی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقا کے کیمرون ڈلپورٹ اور کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقا کے کولن انگرام بھی پی ایس ایل میں سینکڑہ لگاچکے ہیں۔

بہترین باؤلر

پاکستان سپرلیگ کی تاریخ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض سب سے کامیاب باؤلر رہے ہیں۔ وہاب ریاض نے 45 میچز میں 65 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ وہاب ریاض کی بہترین باؤلنگ 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں ہیں۔

ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینےوالے باؤلر

پاکستان سپرلیگ کی تاریخ میں چھ مرتبہ ایسا موقع آیا جس میں باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے ایک اننگز میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں اپنے نام کیں۔ لیگ میں اب تک عمرگل ، روی بوپارہ ، شاہین شاہ آفریدی ، فہیم اشرف ، شاہد آفریدی اور محمدسمیع یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

ہیٹرک

پاکستان سپرلیگ میں اب تک 4 مرتبہ باؤلرز ہیٹرک کرچکے ہیں۔ پی ایس ایل کےپہلے ہی سیزن میں محمدعامر نے لاہور قلندرز کے خلاف سب سے پہلی ہیٹرک کی۔ دوہزار اٹھارہ سیزن میں دو مرتبہ ہیٹرک ہوئی اور دونوں مرتبہ ملتان سلطانز کےباؤلرز نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ جنیدخان نے لاہور قلندرز اور عمران طاہر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف مسلسل تین گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کیں۔ دوہزار انیس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمدسمیع نے پشاور زلمی کےخلاف ہیٹرک بنائی۔

بہترین فیلڈر

پاکستان سپرلیگ میں سب سے بہترین فیلڈرز ہونے کا اعزاز ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کیرون پولارڈ کو حاصل ہے۔ کیرون پولارڈ نے لیگ کے 33 میچز میں سب سے زیادہ 24 کیچز لئے ہیں جبکہ ایک میچ میں زیادہ سے زیادہ پولارڈ نے 4 کیچز لئے ہیں۔ کیرون پولارڈ پی ایس ایل میں کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

بہترین وکٹ کیپر

پاکستان سپرلیگ میں سب سے بہترین وکٹ کیپر کا ریکارڈ پشاور زلمی کے کامران اکمل کا ہے۔ کامران اکمل نے لیگ میں وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ شکارکئے ہیں ۔ کامران اکمل 47 میچز میں مجموعی طور پر 39 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بناچکے ہیں۔ جس میں 31 کیچز اور 8 اسٹمپ شامل ہیں

More Cricket News

Wasim Akram Leads Pakistan’s NFT Revolution

Red Bull Campus Cricket to serve as Talent Hunt program for Peshawar Zalmi

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

PINK PAKISTAN LAUNCHES ITS FIRST EVER MOBILE APP IN PAKISTAN TO COMBAT BREAST CANCER

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے