بنگلہ دیش سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری



پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت اور ان کی مالیت کے حوالے سے تفصیلات کا اعلان کردیا ہے۔ سیریز میں شامل تین ٹی ٹونٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے جبکہ پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے11 فروری تک راولپنڈی میں جاری رہے گا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے تین ٹی ٹونٹی اور ایک ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے عوام خاص طورپر فیملیز کی سہولت اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سیریز کے لیےٹکٹوں کے نرخ کم کردئیے ہیں۔

تین ٹی ٹونٹی میچز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ 18 جنوری کو صبح 10 بجے سے شروع ہوگی۔ شائقین کرکٹ www.yayvo.com سے ٹکٹ آن لائن بک کرسکتے ہیں تاہم ٹی سی ایس کے مقررہ کردہ سینٹرز سے ٹکٹوں کی فروخت 21 جنوری کو صبح 9 بجے سے شروع ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق تین ٹی ٹونٹی میچز کے لیے انضمام الحق، نذر، قائد، امتیاز احمد، ظہیر عباس، حنیف محمد، ماجد خان، عبدالقادر، سعید احمد اور سرفراز نواز انکلوژرز کے ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

ان میچزمیں اے ایچ کاردار، راجاز، جاوید میانداد اور سعید انور انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 1000 روپے مقرر کردی گئی ہے جو سری لنکا کے خلاف سیریز میں 1500 روپے تھی۔

آئندہ سیریز میں عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے ٹکٹ 2000 روپے میں فروخت ہوں گے۔ گذشتہ سیریز میں ان انکلوژرز کے ٹکٹ 3000 روپے میں دستیاب تھے۔

سری لنکا سیریز میں وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کا 5000 روپے میں فروخت ہونے والا ٹکٹ بنگلہ دیش سیریز میں 4000 روپے میں دستیاب ہوگا۔

7 تا 11 فروری تک راولپنڈی میں شیڈول ٹیسٹ میچ کے لیے اظہر محمود، عمران خان، جاوید اختر اور جاوید میانداد انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میچ کے لیے میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات انکلوژرز کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل تمام میچز دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوں گے۔

سیریز میں شامل پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا جبکہ واحد ایک روزہ اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی مکمل تفصیلات بھی بعد میں جاری کی جائیں گی۔

‏شائقین کرکٹ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ٹی سی ایس سنٹرز سے ٹکٹ خریدتے وقت قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔

‏بابر حامد، ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی:

‏ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد کا کہنا ہےکہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران شائقین کرکٹ کا زبردست رجحان دیکھا گیا لہٰذا پی سی بی نے ان کی دلچسپی کے پیش نظربنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے ٹکٹوں کے نرخ کم رکھے ہیں۔

‏ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد نے کہا کہ آئندہ چند ہفتے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بھرپور کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے 14 میچز بھی لاہور میں ہی ہوں گے۔

‏بابر حامد نے کہا کہ پی سی بی فینز اورفیملیز کو میچز دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آنے کی دعوت دیتا ہے، یقین ہےکہ شائقین کرکٹ بنگلہ دیش سیریز میں بھرپورجوش وخروش کے ساتھ اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔

شیڈول:

24جنوری بروز جمعہ: پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
25 جنوری بروز ہفتہ: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
27 جنوری بروزپیر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
7تا 11 فروری: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی
3اپریل بروز جمعہ: واحد ایک روزہ میچ بمقام کراچی
5تا 9اپریل: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی

More Cricket News

Wasim Akram Leads Pakistan’s NFT Revolution

Red Bull Campus Cricket to serve as Talent Hunt program for Peshawar Zalmi

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

PINK PAKISTAN LAUNCHES ITS FIRST EVER MOBILE APP IN PAKISTAN TO COMBAT BREAST CANCER

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے