پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا




پاکستان کرکٹ بورڈ نےایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ کوویڈ19 کے سبب ایونٹ کے بقیہ میچز 17 مارچ کو ملتوی کردئیے گئے تھے۔

ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15اور 17نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ چودہ نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلمنٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ اس کے اگلے روز ایلمنٹر ٹو جبکہ فائنل17 نومبر بروز منگل کو ہوگا۔

ایونٹ کے بقیہ میچوں کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں - ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی- کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ میچوں کے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں جہاں تمام کھلاڑی، میچ آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہے گا۔فی الحال چاروں میچز بند دروازوں میں کھیلے جانے کا پلان ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہو گا۔

وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد نہ صرف تمام قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی بلکہ اب ان میچوں کی تیاری کے لیے تمام ٹیموں کے پاس بھی مناسب وقت موجود ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ فی الحال سب سے اہم یہ تھا کہ ٹورنامنٹ میں شریک یہ ٹیمیں ان تاریخوں کو اپنی ڈائری میں درج کرلیں۔

وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی شروع سے ہی ان چاروں میچوں کے انعقاد کے لیے پرعزم تھااور پی سی بی کے خیال میں ایچ بی ایل پی ایس ایل جیسے ایونٹ کا فاتح ضرور سامنے آنا چاہیے۔ ، ہم نے رواں سال کے آغاز میں ایونٹ کے لیےبھرپور جوش و خروش دیکھا اور ہم پرامید ہیں کہ ان بقیہ میچوں سے قبل بھی مداحوں کے لیے تشہیری مہم کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچوں کے انعقاد کااعلان اس بات کی بھی تائید ہےکہ پاکستان کوویڈ 19 کی وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے، دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز بھی جلد ہورہا ہے جہاں مختلف ایج گروپس، مینز اور ویمنز کرکٹ کے مقابلوں سمیت زمباوے اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ہوم سیریز بھی کھیلی جائیں گی۔

ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے میچوں کا کامیاب انعقاد آئندہ سال فروری، مارچ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کے لیے معاون ثابت ہوگا، ہم عوام کے چہروں پر خوشیاں بانٹنے کے منتظر ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں شامل چار ٹیموں میں سے صرف پشاور زلمی ہی اس سے قبل ایونٹ کی فاتح رہ چکی ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 ، ایشیاءکپ 2008 کے بعد پاکستان میں منعقدہ دوسرا بڑا ٹورنامنٹ ہے۔ایونٹ کی کُل انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالر مقرر ہے ۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ پانچ لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔ رنرزاپ کے لیے 2 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم مقرر ہے۔

شیڈول:

14نومبربروز ہفتہ: کوالیفائر(ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز)، قذافی اسٹیڈیم لاہور؛ ایلمنٹر ون (لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی) ، قذافی اسٹیڈیم لاہور
15 نومبر بروز اتوار: ایلمنٹر ٹو (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم بمقابلہ ایلمنٹر ون جیتنے والی ٹیم) ، قذافی اسٹیڈیم لاہور
17نومبر بروز منگل: فائنل، قذافی اسٹیڈیم لاہور

More Cricket News

قائداعظم ٹرافی اسکواڈز کا اعلان، حسن علی اور احمد شہزاد کی واپسی

زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی، زمبابوے کے بھارتی ہیڈکوچ سیریز سے دستبردار

زمبابوے سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان

پاک زمبابوے سیریز، شیڈول میں پھرتبدیلی کا امکان

یونس خان کو ایک اور آفر ۔۔۔ !

زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیےپاکستان ٹیم کا اعلان