کراچی کنگز ایچ بی ایل پی ایس ایل کا نیا چیمپئن بن گیا



کراچی، 17 نومبر 2020ء:

کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے ہرا کر ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔میچ میں نپی تلی باؤلنگ اور پھر بابراعظم کی پراعتماد بیٹنگ نے کراچی کنگز کو روایتی حریف کے خلاف فائنل میں فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

کراچی کنگز نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں 135 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 5وکٹوں کےنقصان پر حاصل کرلیا۔ بابراعظم ناٹ آؤٹ 63 رنز بناکر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔ چیڈوک والٹن نے 22 رنز بنائے۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے اوپنر بابراعظم نے اننگز کے آغاز سے ہی پراعتماد بیٹنگ کی۔ انہوں نے ایک اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔انہوں نے شرجیل خان کے ہمراہ 23 رنز کی ابتدائی شراکت کے بعد ایلکس ہیلز کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 26 رنز جوڑے۔ شرجیل خان 13 اور ایلکس ہیلز 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو وکٹ کیپر بیٹسمین چیڈوک والٹن نے بابراعظم کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔چیڈوک والٹن 16ویں اوور میں 22رنز بناکر دلبر حسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے اٹھارویں اوور کی پہلی دونوں گیندوں پر دو کھلاڑیوں (افتخار احمد اور ردر فورڈ ) کو آؤٹ کیا تو لاہور قلندرز نے کراچی کنگز پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کی تاہم کپتان عماد وسیم نے اٹھارویں اوور کی چوتھی گیند پر چوکا لگا کر کراچی کنگز کو فتح دلادی۔ کراچی کنگزنے مطلوبہ ہدف آٹھ گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ عماد وسیم 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کے دلبر حسین اور حارث رؤف نے 2،2 جبکہ سمت پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز تمیم اقبال اور فخرزمان نے لاہور قلندرزکو 68 رنز کا مثبت آغاز فراہم کیا تاہم بائیں ہاتھ کے دونوں بلے بازوں کے پویلین واپس لوٹتے ہی لاہور قلندرز کا مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیا اور محمد حفیظ، بین ڈنک ، سمت پٹیل ، محمد فیضان اور کپتان سہیل اختر یکے بعد دیگرے پویلین واپس لوٹتے رہے۔

تمیم اقبال 35 اور فخر زمان 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ 2، بین ڈنک 11، سمت پٹیل 5، سہیل اختر 14 اور محمد فیضان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

ڈیوڈ ویزے 14 اور شاہین شاہ آفریدی 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے وقاص مقصود اور عمید آصف نے سب سے مؤثر باؤلنگ اسپیل کیے۔ دونوں فاسٹ باؤلرز نے 18، 18 رنز کے عوض 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ان کے علاوہ ارشد اقبال نے 2 اور محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

More Cricket News

Wasim Akram Leads Pakistan’s NFT Revolution

Red Bull Campus Cricket to serve as Talent Hunt program for Peshawar Zalmi

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

PINK PAKISTAN LAUNCHES ITS FIRST EVER MOBILE APP IN PAKISTAN TO COMBAT BREAST CANCER

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے