پاکستان کپ کے سنسنی خیزمقابلوں میں باؤنڈریز بھی لگیں اور وکٹیں بھی اڑیں



کراچی، یکم فروری2021ء:

پاکستان کرکٹ بورڈ کے شعبہ ہائی پرفارمنس نے کوویڈ 19 کی غیرمعمولی صورتحال میں بھی پاکستان کپ پاؤرڈ بائی سروس ٹائرز کا کامیاب انعقاد کرکےدکھایا۔ کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ میں کُل 33 میچز کھیلے گئے۔

ایونٹ کے فائنل میں خیبرپختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو 7 وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ چیمپئن خیبرپختونخوا کی ٹیم نے اس سے قبل نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں سدرن پنجاب کو شکست دی تھی جبکہ قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں سنٹرل پنجاب کے ساتھ ان کا مقابلہ برابر رہا تھا۔

پاکستان کے سابق آلراؤنڈر عبدالرزاق نےڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے کوچنگ کیرئیر کا شاندار آغاز کیا۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم ان کی کوچنگ میں ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے تمام فرسٹ الیون ٹورنامنٹس کے فائنل میں پہنچی۔

شعبہ ہائی پرفارمنس اب تک ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے کُل آٹھ ٹورنامنٹس (نیشنل انڈر 19 ون ڈے اور تھری ڈے ٹورنامنٹس، نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ اور سیکنڈ الیون، قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون اور سیکنڈ الیون اور پاکستان کپ فرسٹ الیون اور سیکنڈ الیون)میں 204 میچوں کا کامیاب انعقاد کرچکا ہے۔ اس سیزن کا آخری ایونٹ، پی سی بی نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ 13 سے 23 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔

اس دورن پی سی بی نے زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے بقیہ میچزاور جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی میزبانی بھی کی۔

پاکستان کپ پاؤرڈ بائی سروس ٹائرز میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے، جہاں بلے بازوں نے چھکے چوکوں کی برسات بھی کی ، وہاں باؤلرز نے بھی خوب وکٹیں گرائیں۔

ان 13 میچوں میں کُل 17783 رنز بنے اور کُل 498 وکٹیں گریں، 460 چھکے اور 1538 چوکے لگے۔میچ ایگریٹ کی اوسط 269 رہی جبکہ پہلی اننگز میں رنز بنانے کی اوسط 278 رہی۔

خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی ٹیمیں سب سےبڑا مجموعہ بنانے والی ٹیمیں رہیں۔ 12 جنوری کو کھیلے گئے ایونٹ کے ایک میچ میں خیبرپختونخوا نے 378 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔دو ہفتوں بعد خیبرپختونخوا نے بلوچستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 369 رنز بنائے اور پھر کامیابی سے اس کا دفاع بھی کیا۔ان دونوں ٹیموں کے درمیان مذکورہ پہلے میچ میں کُل 755 رنز بنے جبکہ دوسرے میچ میں 717 رنز بنے۔

دلچسپ طور پر خیبرپختونخوا کی ٹیم ایونٹ کے لواسکورننگ میچز میں بھی نمایاں رہی ہے۔ خیبرپختونخوا نے ناردرن کو ایک میچ میں 112 پر ڈھیر کرکے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

23 دنوں پر مشتمل ایونٹ میں مجموعی طور پر 29 سنچریاں بنیں، جہاں سندھ کے خرم منظور اور خیبرپختونخوا کے صاحبزادہ فرحان نے تین تین سنچریاں بنائیں۔

سنٹرل پنجاب کے طیب طاہر نے ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنائیں۔ انہوں نے ایک سنچری اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے 666 رنز بنائے۔ سندھ کے خرم منظور 655 رنز بناکر دوسرے اور سدرن پنجاب کے مختار احمد 597 رنز بناکر تیسرے نمبر پر رہے۔

بلوچستان کے عمران فرحت نے 499، خیبرپختونخوا کے صاحبزادہ فرحان نے 487 اور سدرن پنجاب کے شان مسعود نے 472 رنز بنائے۔

صہیب مقصود کی 130 رنز کی اننگز میں سب سے زیادہ 10 چھکے شامل تھے آصف علی کی 127 رنز کی اننگز میں 98 رنز صرف باؤنڈریز سے حاصل کیے تھے، انہوں نے اس اننگز میں 17 چوکے اور 5 چھکے لگائے تھے۔

خیبرپختونخوا کے اسپنر آصف آفریدی نے ایونٹ میں سب سے زیادہ 25 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ایونٹ کے ایک میچ میں ہیٹ ٹرک بھی کی تھی۔ ایونٹ کے فائنل میں بھی انہوں نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر خیبرپختونخوا کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ایونٹ میں 19 وکٹیں حاصل کرنے والے زاہد محمود کو پاکستان کے ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ عثمان قادر نے ایونٹ میں 17، احمد بشیر نے 16 اور محمد عمر نے 15 وکٹیں حاصل کیں۔

ایونٹ میں پانچ مرتبہ ایسا موقع آیا کہ جب کسی باؤلر نے ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میں آصف آفریدی نے دو مرتبہ جبکہ عثمان قادر، عماد بٹ اور عمر خان نے ایک ایک مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا۔

ناردرن کے آلراؤنڈر حماد اعظم کو ایونٹ میں 443 رنز اور 13 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز دیا گیا۔

وکٹوں کے پیچھے 13 شکار کرنے پر سندھ کے اعظم خان کو ٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا۔

ایونٹ کا سب سے دلچسپ مقابلہ ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل رہا۔ میچ کا فیصلہ سپر اوور پر ہوا، جہاں خیبرپختونخوا نے ناردرن کو جیت کے لیے ایک اوور میں 16 رنز کا ہدف دیا مگر ناردرن کے دونوں بلے باز محض 2 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

سنٹرل پنجاب کے خلاف ایک راؤنڈ میچ میں ناردرن کی 154 رنز کی فتح ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کی سب سے زیادہ مارجن کی فتح رہی۔



More Cricket News

Wasim Akram Leads Pakistan’s NFT Revolution

Red Bull Campus Cricket to serve as Talent Hunt program for Peshawar Zalmi

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

PINK PAKISTAN LAUNCHES ITS FIRST EVER MOBILE APP IN PAKISTAN TO COMBAT BREAST CANCER

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے