کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز، کس ٹیم کو ہوگا پلڑا بھاری؟


ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں معیاری کرکٹ کے سبب لیگ میں شامل فرنچائزز سے مداحوں کی قربت بھی حقیقی ہے۔ شائقینِ کرکٹ نے ،ایونٹ کے گذشتہ چار ایڈیشنز میں روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیزی کا بھی خوب لطف اٹھایا ہے۔

لیگ کے دوران 2 ٹاکرے ایسے ہیں جس کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ ایک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ پشاور زلمی تو دوسرا کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز۔

کراچی اور لاہورملک کے 2 بڑے شہر ہونے کے ساتھ ساتھ قومی کرکٹ کی 2 بڑی نرسریاں بھی ہیں۔ قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک یہ دونوں شہر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بہت سے عظیم کرکٹرز دے چکے ہیں۔ عمران خان، جاوید میانداد، ماجد خان، ظہیر عباس، سعید انور، عبدالقادر، وسیم اکرم، یونس خان، شاہد آفریدی، معین خان اور راشد لطیف کا شمار بھی ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کھیل کا آغازیا تو کراچی کی اسٹریٹ کرکٹ سے کیا یا پھر لاہور کے وسیع و عریض میدانوں سے۔

یہاں تک کہ قومی کرکٹ کے چند موجودہ ستاروں ،بابراعظم، سرفرازاحمد، وہاب ریاض، شان مسعود، اظہر علی اور امام الحق کا تعلق بھی انہی دو شہروں سے ہے۔

مگر دونوں ٹیمیں گذشتہ 4 سالوں میں ایک ایڈیشن بھی نہیں جیت پائیں۔ دونوں ٹیمیں کبھی ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل نہیں کرسکیں جبکہ لاہور قلندرز تو کبھی پلے آف مرحلے کا حصہ بھی نہیں بن پائی تاہم ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے دوران دونوں ٹیمیں اپنےبیشتر میچزہوم گراؤنڈ پر کھیلیں گی۔کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے بالترتیب نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچز کے باعث امید کی جارہی ہےکہ 20 فروری سے شروع ہونے والے ایونٹ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھی جائے گی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں دونوں ٹیموں کےمابین گروپ مرحلے کے دونوں میچوں میں شائقینِ کرکٹ کی ایک بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آمد متوقع ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹاکرا 8 مارچ بروز اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور اور دوسرا 12 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ یہ دونوں میچز رات کو برقی قمقوں کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔

سابقہ نتائج:

دونوں ٹیمیں اس سے قبل 8 مرتبہ مدمقابل آئیں۔ 5میچوں میں کراچی کنگز اور 2 میں لاہور قلندرز نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ برابر ہوا جو بعدازاں لاہور قلندرز نے سپر اوور میں جیت لیا۔

سابقہ نتائج کی بنیاد پر کراچی کنگز کو لاہور قلندرز پر واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ لیگ کے پہلے ایڈیشن میں مدمقابل آئیں۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 2016 کے دوران کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان گروپ مرحلے میں 2 میچز کھیلے گئے۔ اس دوران کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم اور شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دونوں میچوں میں بالترتیب 7 وکٹوں اور 27 رنز سے شکست دی۔

لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے پہلی مرتبہ کراچی کنگز کو شکست سے دوچار کیا۔ شارجہ کے میدان پر کھیلےجانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 7 رنز سے شکست دی مگر اسی ایڈیشن کے دوسرے گروپ میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر حساب برابر کردیا۔ ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ نے کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے عامریامین کو میچ کی آخری گیند پرچھکا جڑ کر میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ایڈیشن 2018 میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان ایک، ایک میچ کھیلا گیا۔ ایونٹ کے دوران پہلے ٹاکرے میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 27 رنز سے ہرایا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا دوسرا میچ ابتدائی طور پر برابر ہوگیا جو بعدازاں لاہور قلندرز نے سپر اوور میں اپنے نام کرلیا۔ سنیل نارائن کے شاندار سپر اوور کی بدولت لاہور قلندرز نےمیچ میں کامیابی حاصل کی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2019 میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو پہلے میچ میں 22 رنز سے شکست دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے 5وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں دونوں ٹیموں میں شامل اہم کھلاڑی:

ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے لیے منتخب کردہ اسکواڈ کے مطابق کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہے۔ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے باز بابراعظم، انگلینڈ کے جارح مزاج ایلکس ہیلز اور جنوبی افریقہ کے کیمرون ڈیلپورٹ کے علاوہ شرجیل خان کی موجودگی میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہے۔

چارو ں بلے باز کراچی کنگز کو ایک مضبوط آغاز فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ گذشتہ ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے کیمرون ڈیلپورٹ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لاہور قلندرز کے خلاف 60 گیندوں پر 117 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی تھی۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل نوجوان مگر تجربہ کار باؤلنگ اٹیک کراچی کنگز کے بلے بازوں کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تیار ہے۔ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور عثمان شنواری کو ٹی ٹونٹی لیگز میں باؤلنگ کا تجربہ حاصل ہے۔

اسی طرح لاہور قلندرز کے بلے باز کرس لین، فخر زمان، محمد حفیظ، بین ڈنک او رسلمان بٹ پر مشتمل بیٹنگ لائن اپ کو زیر کرنے کےلیےکراچی کنگز کو محمد عامر، عمید آصف، کرس جارڈن، مچل میکلنگن، عماد وسیم اور عمر خان جیسے باؤلروں کا ساتھ میسر ہوگا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 بیس فروری سے بائیس مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

لیگ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ www.yayvo.com پردستیاب ہے جبکہ شائقین کرکٹ ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹرز سے بھی ٹکٹ خریدسکتے ہیں۔

اسکواڈز:

کراچی کنگز:

عماد وسیم(کپتان)، ایلکس ہیلز، بابراعظم، محمد عامر، کرس جارڈن، افتخار احمد، شرجیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ، مچل میکلنگن، اویس ضیاء، عامر یامین، محمد رضوان، عمید آصف، چیڈوک والٹن، علی خان، اسامہ میر، ارشد اقبال اور عمر خان۔

لاہور قلندرز:

سہیل اختر (کپتان)، کرس لین، محمد حفیظ، فخر زمان، ڈیوڈ ویزے، شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، سمت پٹیل، حارث رؤف، سیکوگے پرسنا، بین ڈنک، فرزان راجہ، جاہد علی، سلمان بٹ، محمد فیضان، دلبر حسین اور ڈین ولاز۔

شیڈول:

8 مارچ 2020: شام 7 تا رات 10:15 بجے: لاہور قلندرز بمقابلہ کراچی کنگز بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور
12 مارچ 2020: شام 7 تا رات 10:15 بجے: کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی

More Cricket News

Wasim Akram Leads Pakistan’s NFT Revolution

Red Bull Campus Cricket to serve as Talent Hunt program for Peshawar Zalmi

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

PINK PAKISTAN LAUNCHES ITS FIRST EVER MOBILE APP IN PAKISTAN TO COMBAT BREAST CANCER

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے