ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 میں بچوں اور چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن

گذشتہ سال کی طرح رواں سال بھی پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں سرطان سے آگاہی کے دن منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں بچوں اور چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن منائے جائیں گے۔

پی سی بی، انڈس ہسپتال کراچی اور پنک ربن پاکستان کے تعاون سے بالترتیب بچوں اور چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے مہم کا اہتمام کررہا ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران 22 فروری کو بچوں کے سرطان جبکہ 7 مارچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منایا جائے گا۔ اس دوران تمام فرنچائزز کے کھلاڑی، کمنٹیٹرز اور میچ آفیشلز اس مہم کا حصہ بنیں گے۔

وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ یہ پی سی بی کی جانب سے سرطان کے خلاف شعور اجاگر کرنے کی ایک کوشش ہے، سرطان سے آگاہی فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہے اور اس ضمن میں بورڈ نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور برٹش ایشین ٹرسٹ سے شراکت داری قائم کر رکھی ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ گذشتہ سال دبئی میں بچوں کے سرطان اور کراچی میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن بہترین انداز میں منائے گئے، جہاں مداحوں کے علاوہ کھلاڑیوں اور آفیشلز سمیت کمنٹیٹرز نے بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یہ دن 22 فروری اور 7 مارچ کو منائے جارہے ہیں، امید ہے کہ مداح اور میڈیا ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے دوران اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں گے۔

بچوں کے سرطان سے آگاہی کا دن:

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران بچوں کے سرطان سے آگاہی کا دن پہلی مرتبہ 15 فروری 2019 کو دبئی میں منایا گیا۔ اس روز کھیلے گئے 2 میچوں میں شریک 4 ٹیموں پشاور زلمی، ملتان سلطانز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز نے گولڈن ربن پہنے تھے۔ میچ کے بعد تمام ٹیموں کے کپتانوں نے سرطان کے مرض کا شکار بچوں کو اپنی اپنی ٹیم کی شرٹ بھی پیش کی تھیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں بچوں کے سرطان سے آگاہی کا دن 22 فروری بروز ہفتہ کو منایا جائے گا۔ اس روز ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو گروپ مرحلے کے دو میچز بالترتیب کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

اس روز گذشتہ ایڈیشن کی دونوں فائنلسٹ ٹیمیں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ دوپہر 2 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مدمقابل آئیں گی۔ اسی طرح 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں اُس روز 7 بجے رات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

بچوں کے سرطان سے آگاہی کے روز میدان میں اترنے والی چاروں ٹیموں میں شامل کھلاڑی، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز دونوں وینیوز پر گولڈن ربن پہن کر اس مہم کا حصہ بنیں گے۔ اس روز کی مناسبت سے 22 فروری کو کراچی اور لاہور میں شیڈول میچوں کے دوران گولڈن رنگ کی اسٹمپس کا بھی استعمال کیا جائے گا۔

اُس روز دونوں وینیوز پر سرطان کے مرض میں مبتلا ایک ایک بچہ پوسٹ میچ تقریب میں شرکت کرے گا جہاں فاتح ٹیموں کے کپتان انہیں اپنی دستخط شدہ شرٹ پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ میچ کے دوران دونوں وینیوز پرنصب بڑی اسکرینز پر بچوں کے سرطان سے آگاہی کے لیے پیغامات بھی جاری کیے جائیں گے۔

چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن:

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن پہلی مرتبہ 11 مارچ 2019 کو کراچی میں منایا گیا۔ اس روز کھیلے گئے 2 میچوں میں شریک 4 ٹیموں پشاور زلمی، ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز نے پنک ربن پہنے تھے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے دوران چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن 7 مارچ بروز ہفتہ کو منایا جائے گا۔ اس روز لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے گروپ مرحلے کے دو میچز بالترتیب راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

اس روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ دوپہر 2 بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں اُس روز برقی قمقموں کی روشنی میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن میدان میں اترنے والی چاروں ٹیموں میں شامل کھلاڑی، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز دونوں وینیوز پرپنک ربن پہن کر اس مہم کا حصہ بنیں گے۔ اس روز کی مناسبت سے 7مارچ کو راولپنڈی اور لاہور میں شیڈول میچوں کے دوران گلابی رنگ کی اسٹمپس کا بھی استعمال کیا جائے گا۔

اُس روز میچ کے دوران دونوں وینیوز پر نصب بڑی اسکرینز پر چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے پیغامات بھی جاری کیے جائیں گے۔

More Cricket News

Wasim Akram Leads Pakistan’s NFT Revolution

Red Bull Campus Cricket to serve as Talent Hunt program for Peshawar Zalmi

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

PINK PAKISTAN LAUNCHES ITS FIRST EVER MOBILE APP IN PAKISTAN TO COMBAT BREAST CANCER

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے