اچھی ڈیتھ باولنگ نے کراچی کو زلمی کے خلاف فتح دلادی



ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے 10 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ اوپنر بابراعظم نے 78 اور کپتان عماد وسیم نے 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔ جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز ہی بناسکی۔

تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کے ابتدائی 2کھلاڑی 73کے مجموعی اسکور پرآؤٹ ہوگئے۔ تین سال بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کم بیک کرنے والےاوپنر شرجیل خان 19 اور کیمرون ڈیلپورٹ 20 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے، جس کے بعد اوپنر بابراعظم اور کپتان عماد وسیم نے تیسری وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔ بابراعظم نے 56 گیندوں پر 78اور عماد وسیم نے 30 گیندوں پر 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔ اختتامی اوور میں مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے 3 گیندوں پر 16 رنز بناکر ٹیم کا مجموعہ 200 کے پار لگادیا۔ کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔پشاور زلمی کے حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں اوپنر کامران اکمل کے 26 گیندوں پر 43 رنز کے باوجود پشاور زلمی کی ابتدائی 4 وکٹیں محض 81 رنز پر گرگئیں۔ جس کے بعد انگلینڈ کے دو کرکٹرزلیام لیونگ اسٹون اور لیام ڈاسن کے درمیان 47 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم لیام ڈاسن 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ چھٹی وکٹ کے لیے لیام لیونگ اسٹون اور کپتان ڈیرن سیمی نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے میچ میں سنسنی پھیلا دی۔ دونوں کھلاڑیوں نے 31 گیندوں پر62 رنز کی برق رفتار شراکت قائم کی تاہم وہ پشاور زلمی کو فتح نہ دلاسکے۔ لیام لیونگ اسٹون 29 گیندوں پر 54 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ڈیرن سیمی 20 گیندوں پر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز ہی بناسکی۔کراچی کنگز کے عمید آصف اور کرس جارڈن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں سب سے زیادہ 78 رنز اسکور کرنے پر بابراعظم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ہفتہ کو لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

More Cricket News

Wasim Akram Leads Pakistan’s NFT Revolution

Red Bull Campus Cricket to serve as Talent Hunt program for Peshawar Zalmi

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

پشاور زلمی اور رہڈبل مل کر ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے

PINK PAKISTAN LAUNCHES ITS FIRST EVER MOBILE APP IN PAKISTAN TO COMBAT BREAST CANCER

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے